وفاقی دارالحکومت کے علاقے بری امام میں پولیس نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 17 افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق تمام افراد کے پاس قانونی سفری یا رہائشی دستاویزات موجود نہیں تھیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاع پر بری امام میں غیر قانونی رہائش پذیر افراد کے خلاف خصوصی آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران بعض افراد نے مزاحمت کی کوشش بھی کی، تاہم پولیس کی بھاری نفری نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پا لیا اور تمام افراد کو حراست میں لے لیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار شدگان کو قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ملک بدر (ڈیپورٹ) کر دیا جائے گا۔ پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ ان افراد کے پاس نہ تو شناختی دستاویزات موجود تھیں اور نہ ہی رہائش یا سفر کے قانونی کاغذات۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف شہر بھر میں کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔





