خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس آج پیر، 20 اکتوبر 2025 کو دوپہر 2 بجے طلب کر لیا گیا ہے۔ یہ اجلاس دراصل 27 اکتوبر کو بلایا جانا تھا، تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی اور اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد تاریخ میں تبدیلی کی گئی۔
اسمبلی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ ایک اہم مشاورتی ملاقات کے بعد کیا گیا، جو اسپیکر ہاؤس پشاور میں ہوئی۔ ملاقات میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، پارلیمانی امور اور آئندہ کی قانون سازی سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
نجی ٹی وی چینل(دنیا نیوز)کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ملاقات کے دوران اسمبلی کا اجلاس آج (پیر)کوہی طلب کرنے کی تجویز پیش کی، جس سے اسپیکر نے اتفاق کیا۔ اس تجویز کو نہ صرف صوبائی حکومت کے آئندہ لائحہ عمل کا حصہ سمجھا جا رہا ہے بلکہ سیاسی حلقوں میں اسے ایک اہم حکمت عملی کا آغاز بھی قرار دیا جا رہا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق آج ہونے والا یہ اجلاس صوبے کی آئندہ پارلیمانی حکمت عملی میں اہم موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔ مختلف سیاسی جماعتوں، ارکانِ اسمبلی اور عوام کی نظریں اب اس اجلاس میں ہونے والے فیصلوں اور پیش رفت پر مرکوز ہیں۔





