معروف بھارتی اداکار اسرانی چل بسے

بالی ووڈ کے نامور مزاحیہ اداکار گوردھن اسرانی، جنہیں فلم بین عام طور پر ’’اسرانی‘‘ کے نام سے جانتے ہیں، 84 سال کی عمر میں ممبئی میں چل بسے۔

اہل خانہ کے مطابق وہ طویل عرصے سے علیل تھے اور آج شام تقریباً چار بجے چل بسے تاہم ان کے موت کی وجوہات تاحال ظاہر نہیں کی گئیں۔

اسرانی کا تعلق راجستھان کے شہر جے پور سے تھا۔ ان کی وفات کی خبر نے بھارتی فلم انڈسٹری میں دکھ کی لہر دوڑا دی۔

حیرت انگیز طور پر، اپنے انتقال سے کچھ ہی گھنٹے قبل انہوں نے انسٹاگرام پر دیوالی 2025 کی مبارکباد دی تھی۔

پانچ دہائیوں پر مشتمل فنی سفر میں اسرانی نے 350 سے زیادہ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ فلم “شعلے” میں ان کا یادگار کردار ’جیلر‘ آج بھی سنیما شائقین کے ذہنوں میں زندہ ہے۔

انہوں نے کئی مقبول فلموں جیسے بھول بھلیاں، دھمال، بنٹی اور ببلی 2، آر راجکمار، آل دی بیسٹ اور ویلکم میں اپنے منفرد مزاحیہ انداز سے ناظرین کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیریں۔ ان کی خدمات صرف ہندی سنیما تک محدود نہیں رہیں بلکہ گجراتی فلموں میں بھی ان کا کردار نمایاں رہا۔

1972 سے 1984 کے درمیان انہوں نے مرکزی کرداروں میں بھی کام کیا، جب کہ بعد کے برسوں میں مزاحیہ و معاون کرداروں کے ذریعے اپنے فن کو زندہ رکھا۔

اسرانی یکم جنوری 1941 کو جے پور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اداکاری کی تربیت ساہتیہ کل بھائی ٹھاکر سے حاصل کی اور بعد ازاں ممبئی کا رُخ کیا جہاں ان کی ملاقات معروف ہدایتکار ہرشیش مکھرجی اور کشور سہو سے ہوئی، جنہوں نے انہیں فلم انسٹی ٹیوٹ میں داخلہ لینے کا مشورہ دیا۔

ان کی شادی اداکارہ منجو بنسل سے ہوئی جن سے ان کی ملاقات فلموں ’’آج کی تازہ خبر‘‘ اور ’’نمک حرام‘‘ کے دوران ہوئی تھی۔

اسرانی نے اپنے طویل فلمی سفر میں نہ صرف کامیڈی کو نیا رنگ دیا بلکہ مکالموں کی ادائیگی اور منفرد اداکاری کے ذریعے بھارتی سنیما میں ایک ایسا مقام حاصل کیا جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کے انتقال سے انڈسٹری ایک ایسے فنکار سے محروم ہو گئی ہے جو نسلوں کو ہنسانے کا ہنر رکھتا تھا۔

Scroll to Top