مہوش قماس
پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہین شاہ آفریدی کو پاکستان کی ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔
بائیں ہاتھ کے فاسٹ باولر جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں پاکستان کی قیادت کریں گے، جو 4 سے 8 نومبر تک فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔
شاہین کی اس سیریز کے لیے تقرری آج اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کے بعد کی گئی جس میں وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور سلیکشن کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔
25 سالہ فاسٹ باولر نے پاکستان کی جانب سے 66 ون ڈے اور 92 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں جن میں انہوں نے مجموعی طور پر 249 وکٹیں حاصل کیں۔ 32 ٹیسٹ میچوں میں جن میں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کے خلاف جاری دوسرا ٹیسٹ شامل نہیں شاہین نے 120 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
شاہین آفریدی اس سے قبل 2024 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ان کے ہوم گراؤنڈ پر پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی قیادت کر چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : دوسرے ٹیسٹ کا پہلا دن، پاکستان نے 5 وکٹوں پر 259 رنز بنالیے
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ جاری ہے، جہاں پہلے روز کے اختتام پر قومی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنالیے ہیں۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپننگ بلے باز امام الحق 17، کپتان بابر اعظم 16 اور وکٹ کیپر محمد رضوان 19 رنز بنا کر پویلین لوٹے، تاہم شان مسعود اور عبداللہ شفیق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔
شان مسعود نے 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ عبداللہ شفیق نے 57 رنز بنائے۔ دن کے اختتام پر سعود شکیل 42 اور سلمان علی آغا 10 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج اور سائمن ہارمر نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شان مسعود نے بتایا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے جہاں آصف آفریدی کو شامل کیا گیا ہے جبکہ حسن علی کو ڈراپ کیا گیا ہے۔
آصف آفریدی نے 38 سال کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔ شاہین آفریدی نے ان کو ٹیسٹ کیپ دی۔آصف آفریدی نے 57 فرسٹ کلاس میچز میں 198 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
جنوبی افریقی کپتان ایڈن مارکرم کا کہنا تھا کہ اگر ٹاس جیتتے تو بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے،ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں، کیشو مہاراج اور مارکو ینسن ٹیم میں شامل ہیں۔





