ملک بھر میں چینی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ

اسلام آباد: پاکستان بھر میں چینی کی قیمت ایک بار پھر عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔

گزشتہ ایک ماہ کے دوران فی کلو چینی کی قیمت میں 15 سے 20 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہےجس سے عام شہری شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں چینی کی فی کلو قیمت 200 روپے ہو چکی ہے جو کہ گزشتہ ماہ 179 روپے تھی۔ راولپنڈی میں چینی 190 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے، جہاں پچھلے ماہ یہ 185 روپے میں دستیاب تھی۔

اسلام آباد میں بھی صورتحال کچھ مختلف نہیں جہاں چینی کی قیمت 185 سے 190 روپے کے درمیان ہے جو گزشتہ ماہ 180 روپے فی کلو تھی۔

پشاور میں چینی کی قیمت 195 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہےجبکہ پہلے یہ 190 روپے میں فروخت ہو رہی تھی۔

کراچی اور کوئٹہ میں چینی 195 سے 200 روپے فی کلو کے نرخوں پر دستیاب ہے جو گزشتہ ماہ 190 روپے میں ملتی تھی۔

فیصل آباد میں بھی چینی کی قیمت 190 سے 200 روپے فی کلو کے درمیان پہنچ چکی ہےجبکہ ملتان میں یہ مکمل طور پر 200 روپے فی کلو ہو چکی ہےجہاں پہلے قیمت 185 روپے تھی۔

یہ بھی پڑھیں : مہنگائی میں مسلسل اضافہ، مزید 24 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں

ملک میں مہنگائی کے دباؤ میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور رواں ہفتے مزید 24 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران آلو، انڈے، ٹماٹر، پیاز، آٹا، لہسن، گھی اور واشنگ سوپ سمیت روزمرہ استعمال کی متعدد اشیاء مہنگی ہو گئیں۔ سب سے نمایاں اضافہ ٹماٹر کی قیمت میں دیکھا گیا، جو 33 فیصد سے زائد بڑھ گئی۔ اسی دوران انڈوں کی قیمتوں میں تقریباً تین فیصد اور آٹے میں ڈیڑھ فیصد اضافہ ہوا۔ پیاز، آلو، لہسن اور ویجیٹیبل گھی کی قیمتوں میں بھی اضافہ نوٹ کیا گیا۔

دوسری جانب چند اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی، جن میں چکن، دال مونگ، دال چنا، کیلے، چاول، پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل شامل ہیں۔ چکن کی قیمت میں سب سے نمایاں کمی ہوئی جو ساڑھے چھ فیصد کے قریب رہی، جبکہ کیلے اور پٹرول بھی سستے ہوئے۔

Scroll to Top