افغان وزیر دفاع ملا محمد یعقوب نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی میں بھارتی کردار کی افواہوں کو واضح طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کبھی بھی اپنی سرزمین کو کسی بھی ملک کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔
عرب میڈیا کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں ملا یعقوب نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان پڑوسی ممالک ہیں، اور دونوں کے تعلقات کو باہمی احترام اور اچھی ہمسائیگی کے اصولوں پر قائم ہونا چاہیے، کیونکہ کشیدگی کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں ہے۔
نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز )کے مطابق انہوں نے زور دیا کہ تمام فریقین کو دوطرفہ معاہدوں کی ہر شق کی پاسداری کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق، افغانستان معاہدوں کی شرائط پر مکمل طور پر کاربند ہے، لیکن اگر پاکستان اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کرتا تو باہمی تعلقات میں مسائل ضرور پیدا ہوں گے۔
بھارت سے متعلق واضح مؤقف ملا یعقوب نے افغانستان و پاکستان کے درمیان کشیدگی میں بھارت کے مبینہ کردار کو مسترد کرتے ہوئے کہا’’ہماری پالیسی کبھی بھی یہ نہیں رہی کہ اپنی سرزمین کو کسی اور ملک کے خلاف استعمال کریں۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان ایک خودمختار ریاست کے طور پر بھارت سے تعلقات جاری رکھے گا اور یہ تعلقات افغانستان کے قومی مفاد کے تحت استوار کیے جائیں گے۔
ترکیہ اور قطر سے ثالثی کی اپیل انہوں نے ترکیہ اور قطر جیسے ان ممالک سے، جو ماضی میں ثالث کا کردار ادا کرتے رہے ہیں، اپیل کی کہ وہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان موجودہ کشیدہ صورتحال کے حل اور معاہدوں پر عملدرآمد میں مدد فراہم کریں۔آخر میں افغان وزیر دفاع نے کہا کہ افغانستان کی خواہش ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات مثبت، پرامن اور تعمیری ہوں’’ہمارا مقصد کشیدگی پیدا کرنا نہیں بلکہ تعلقات کو بڑھانا ہے۔‘‘





