مینگورہ میں کم عمر خواجہ سرا پر تشدد، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا

شہزاد نوید

سوات کے مرکزی شہر مینگورہ میں گزشتہ روز ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک نامعلوم شخص نے کم عمر خواجہ سرا کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہو گیا۔

واقعے کے فوراً بعد فلاحی تنظیم کے رضاکاروں نے متاثرہ خواجہ سرا کو طبی امداد کے لیے سیدو شریف اسپتال منتقل کیا، جہاں وہ زیرِ علاج ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق خواجہ سرا کے دانت ٹوٹ چکے ہیں، ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر آیا ہے اور ڈاکٹرز نے معذوری کے خدشے کا اظہار کیا ہے، تاہم اب اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سوات محمد عمر خان نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او مینگورہ حبیب سید کو کارروائی کی ہدایت دی۔

پولیس نے تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو اختر آباد بنڑ سے گرفتار کر لیا۔

سوات پولیس کے ترجمان معین فیاض کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت ذیشان ولد بہادر کے نام سے ہوئی ہے، جو ضلع مردان کا رہائشی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : الیکشن سے قبل بڑے پیمانے پر تبادلے، الیکشن کمیشن کے حیران کن فیصلوں کی تفصیلات سامنے آ گئیں

پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

واقعے پر مقامی حلقوں اور خواجہ سرا کمیونٹی نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ملزم کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

Scroll to Top