کولمبو میں کھیلے گئے ویمنز ورلڈ کپ کے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو ڈی ایل ایس طریقہ کار کے تحت 150 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔
جنوبی افریقہ نے بارش کی وجہ سے کم اوورز کے اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 20 اوورز میں 234 رنز کا ہدف دیا۔
جواب میں پاکستان کی ٹیم صرف 7 وکٹوں کے نقصان پر 83 رنز ہی بنا سکی۔
پاکستان کی جانب سے سدرہ نواز نے سب سے زیادہ 22 رنز بنائے جبکہ نتالیہ پرویز اور سدرہ امین نے بالترتیب 20 اور 13 رنز کی اننگز کھیلیں۔
دیگر بلے باز اپنی اننگز میں ڈبل فگر تک بھی نہ پہنچ سکے۔
جنوبی افریقہ کی بولنگ میں میری زین کیپ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شانگسے نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں کولمبو میں کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی افریقہ نے 40 اوورز میں 312 رنز بنائے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : شاہی خاندان اور سابق وزیر فضل حکیم کے درمیان والی سوات بنگلہ تنازعہ پر اہم پیش رفت
میری زین کیپ نے 68 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے ساتھ تین وکٹیں بھی حاصل کیں اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔
کپتان لورا ولوردت نے 90 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سونی لوس 61 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔
پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال اور نشرہ سندھو نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، تاہم ٹیم ہدف کے تعاقب میں ناکام رہی اور شکست کا سامنا کرنا پڑا۔





