واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی امن میں اپنی خدمات کا بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اب تک آٹھ بڑی جنگیں ختم کروائی ہیں اور زیادہ تر تنازعات کو طاقت کے بجائے تجارت اور اقتصادی مذاکرات کے ذریعے روکا گیا۔
ٹرمپ نے خاص طور پر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کرانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی اتنی شدید تھی کہ سات طیارے گر چکے تھے، لیکن ان کی کوششوں سے معاملہ قابو میں آ گیا۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی قوتیں ہیں، ان کے درمیان امن برقرار رکھنا عالمی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ طاقت کی بجائے مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے کے قائل ہیں۔
چین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ آئندہ دو ہفتوں میں وہ چینی صدر شی جن پنگ سے متعدد اہم امور پر بات چیت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مذاکرات اقتصادی اور تجارتی معاملات پر اہم فیصلوں کا باعث بن سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : مینگورہ میں کم عمر خواجہ سرا پر تشدد، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ چین سے ٹیرف کی مد میں اربوں ڈالر وصول کر چکے ہیں اور ایک منصفانہ تجارتی معاہدے کی توقع رکھتے ہیں، تاہم اگر معاہدہ نہ ہوا تو صورتحال کشیدہ بھی ہو سکتی ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ان کے چینی صدر کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں لیکن ملاقات نہ ہونے کا امکان بھی موجود ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ عالمی امن اور استحکام کے لیے مضبوط قیادت اور جرات مندانہ فیصلوں کی ضرورت ہے۔





