جمادی الاول کا چاند کب نظر آئے گا؟ سپارکو نے متوقع تاریخ بتا دی

اسلام آباد: سپارکو (SPARCO) نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں جمادی الاول 1447 ہجری کا نیا چاند پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق آج شام 5 بج کر 25 منٹ پر طلوع ہو گیا ہے۔

سپارکو کے مطابق 23 اکتوبر 2025 کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 48 گھنٹے اور 54 منٹ ہوگی، جبکہ ملک کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب ماہتاب کے درمیان متوقع وقفہ 56 منٹ ہوگا۔

فلکیاتی پیرا میٹرز کی بنیاد پر اگر موسم صاف رہا تو 23 اکتوبر کی شام کو نئے چاند کے نظر آنے کے اچھے امکانات موجود ہیں۔

متوقع ہے کہ جمادی الاول کا پہلا دن 24 اکتوبر 2025 کو ہوگا، تاہم نئے مہینے کے آغاز کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔

عوام کو رمضان اور دیگر مذہبی مناسبتوں کے حوالے سے رویت ہلال کے بارے میں آگاہ رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : موسم سرما کی پہلی بارش، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے زیادہ تر میدانی علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم پہاڑی اور بالائی علاقوں میں رات اور صبح کے وقت موسم خاصا سرد رہنے کا امکان ہے۔

محکمے نے پیشگوئی کی ہے کہ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں جزوی طور پر ابر آلود موسم کے ساتھ بارش متوقع ہے۔چترال، دیر، کوہستان، سوات، مالاکنڈ اور کرم کے چند مقامات پر بھی ہلکی بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔

ادارے کے مطابق اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم خشک رہے گا۔مری، گلیات اور اطراف میں موسم سرد رہے گا۔سیالکوٹ اور قریبی علاقوں میں رات کے وقت دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں سرد اور خشک موسم برقرار رہے گا۔

کراچی میں دن کے وقت گرمی اور رات میں خنکی کے باعث موسمی بیماریوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ خشک موسم کے اثرات شہریوں کی صحت پر بھی پڑنے لگے ہیں۔

Scroll to Top