عہدے پر آ کر عاجزی اختیار کرنی چاہیے، لیکن علی امین صرف بڑکیں مارتے رہے، فیصل کریم کنڈی

عہدے پر آ کر عاجزی اختیار کرنی چاہیے، لیکن علی امین صرف بڑکیں مارتے رہے، فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وفاق کے ساتھ تعلقات بگاڑنے کے خواہشمند تھے اور اپنی غیر سنجیدہ سیاست سے صوبے کو نقصان پہنچا رہے تھے۔

ایک بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ علی امین گنڈاپور ایک غیر سیاسی اور غیر سنجیدہ شخصیت کے طور پر سامنے آئے، جو کبھی گورنر ہاؤس سے نکالنے کی بات کرتے تھے تو کبھی یہ اعلان کرتے کہ بلاول بھٹو زرداری کو خیبرپختونخوا میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔

گورنر نے کہا کہ ’’عہدہ ملنے پر عاجزی اختیار کرنی چاہیے، لیکن علی امین صرف بڑکیں مارتے رہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے اندرونی حلقوں میں علی امین گنڈاپور کے جانے پر جتنی خوشی ہے، شاید اتنی اپوزیشن میں بھی نہیں، اور جلد پی ٹی آئی ’’یوم نجات‘‘‘ منائے گی۔

امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے جرگہ تشکیل دینے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا، تاہم تجویز دی کہ سب سے پہلے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے۔ ان کے مطابق ایک پارلیمانی جرگہ تشکیل دیا جانا چاہیے جو ہر ضلع کا دورہ کرے اور تمام فریقین سے مشاورت کرے۔

انہوں نے زور دیا کہ ’’جرگے میں اپوزیشن سمیت تمام سیاسی جماعتوں کی شمولیت ضروری ہے تاکہ ایک متفقہ حکمت عملی سامنے آ سکے۔‘‘ ساتھ ہی حکومت کو یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ علی امین گنڈاپور کے کن فیصلوں نے صوبے کو نقصان پہنچایا۔

فیصل کریم کنڈی نے انکشاف کیا کہ علی امین عوام کے سامنے بڑی بڑی باتیں کرتے تھے، لیکن اندرونی طور پر انہی لوگوں کے ساتھ معاملات طے کر رہے ہوتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو جلد اندازہ ہو جائے گا کہ سابق وزیراعلیٰ نے کہاں کہاں غلطیاں کیں۔

آخر میں گورنر نے یقین دہانی کرائی کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو مکمل بریفنگ دی جا رہی ہے اور جہاں بھی گورنر ہاؤس یا اپوزیشن کی معاونت درکار ہو، مثبت ردعمل دیا جائے گا۔

Scroll to Top