خیبر پختونخوا بلٹ پروف گاڑیاں نہیں لے رہا تو ہمیں دے دیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

خیبر پختونخوا بلٹ پروف گاڑیاں نہیں لے رہا تو ہمیں دے دیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

وفاق اور خیبرپختونخوا کے درمیان بلٹ پروف گاڑیوں کے تنازع پر بلوچستان حکومت بھی میدان میں آ گئی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر خیبرپختونخوا حکومت یہ گاڑیاں نہیں لینا چاہتی تو بلوچستان کو فراہم کی جائیں۔

نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز )کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی طرح بلوچستان بھی دہشتگردی سے شدید متاثر ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اضافی حفاظتی سامان، خصوصاً بلٹ پروف گاڑیوں کی فوری ضرورت ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال پر مؤثر کنٹرول کیا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ’’ہمیں دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنا پڑتا ہے، اور اس کے لیے مکمل سیکیورٹی انتظامات ناگزیر ہیں۔‘‘

واضح رہے کہ حال ہی میں وفاقی وزارت داخلہ نے خیبرپختونخوا پولیس کے لیے بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کی تھیں، لیکن وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ان گاڑیوں کو ’’ناقابلِ اعتماد اور ناقص‘‘ قرار دیتے ہوئے واپس کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

بلوچستان حکومت کے اس بیان سے اس معاملے میں نئی بحث چھڑ گئی ہے کہ آیا دیگر صوبوں کو وفاقی وسائل کس بنیاد پر دیے جائیں اور ان کی تقسیم کیسے کی جائے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق بلوچستان کا یہ مطالبہ ممکنہ طور پر دوسرے متاثرہ علاقوں کی جانب سے بھی ایسے ہی مطالبات کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔

Scroll to Top