گورنر خیبرپختونخوا، فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو صوبے کی گورننس اور امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے لیے مکمل تعاون کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں تاکہ خیبرپختونخوا کو ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن کیا جا سکے۔
نجی ٹی وی چینل (جیونیوز) سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے جانے پر پی ٹی آئی میں زیادہ خوشی ہے، جبکہ اپوزیشن میں اس کا اتنا اثر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ علی امین خود چاہتے تھے کہ وفاق کے ساتھ حالات خراب ہوں، اور وہ باہر آ کر بڑی باتیں کرتے رہے، لیکن اندرونی معاملات میں ان کے ساتھ تعاون بھی کرتے رہے۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کو جلد ہی علی امین کی غلطیوں کا اندازہ ہو جائے گا اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو اس حوالے سے بریفنگ دی جا رہی ہے۔ چند دنوں میں صورتحال واضح ہو جائے گی اور وزیراعلیٰ بہتری کے اقدامات کریں گے۔
گورنر نے کہا کہ اگر وزیراعلیٰ کو گورنر ہاؤس یا اپوزیشن کی مدد کی ضرورت ہوئی تو وہ مثبت ردعمل دیں گے۔ انہوں نے صوبے میں قیام امن کے لیے وزیراعلیٰ کے جرگہ بنانے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ سہیل آفریدی کو پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے کر پارلیمانی جرگہ تشکیل دینا چاہیے، جس میں اپوزیشن سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو شامل کیا جائے۔ اس جرگے کو ہر ضلع کا دورہ کرنا چاہیے تاکہ مسائل کا بہتر ادراک ہو سکے۔





