خیبرپختونخوا سے غیر قانونی افغان باشندوں کی واپسی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ صوبائی محکمہ داخلہ نے تازہ اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اب تک 6 لاکھ 25 ہزار 842 افغان شہری صوبے سے واپس افغانستان جا چکے ہیں۔
محکمہ داخلہ کے مطابق 6 لاکھ 16 ہزار افراد نے طورخم بارڈر کے راستے وطن واپسی کی، جن میں سے 5 لاکھ 94 ہزار سے زائد افغان مہاجرین نے رضاکارانہ طور پر افغانستان کا رخ کیا۔
اعداد و شمار کے مطابق 31 ہزار 474 افغان باشندوں کو قانونی کارروائی کے بعد ڈی پورٹ کیا گیا، جن میں سے 9 ہزار 830 افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز بھی شامل ہیں۔
محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ افغان مہاجرین کی واپسی کا یہ سلسلہ ستمبر 2023 سے جاری ہے، اور اس عمل کو منظم، پُرامن اور قانونی دائرے میں انجام دیا جا رہا ہے۔
صوبائی حکام کے مطابق واپسی کے اس عمل میں وفاقی حکومت، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ضلعی انتظامیہ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ انسانی حقوق کا خیال رکھتے ہوئے غیر قانونی مہاجرین کی وطن واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔





