وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ خیبرپختونخوا (کے پی) سے واپس کی گئی بلٹ پروف گاڑیاں بلوچستان کو فراہم کی جائیں گی۔ یہ اعلان انہوں نے سوشل میڈیا پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے پیغام کے جواب میں کیا۔
قومی اخبار (روزنامہ جنگ ویب سائٹ )کے مطابق خیال رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے پہلے خیبرپختونخوا کی جانب سے غیر استعمال شدہ بلٹ پروف گاڑیاں بلوچستان کو دینے کی درخواست کی تھی تاکہ صوبے میں بڑھتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکے۔
چند روز قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا پولیس کو تین بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کی تھیں، تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ان گاڑیوں کو واپس کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اس صورتحال کے بعد محسن نقوی کی جانب سے یہ اعلان سامنے آیا ہے کہ جو گاڑیاں کے پی سے واپس آئیں گی، انہیں بلوچستان کے حوالے کیا جائے گا۔
یہ اقدام بلوچستان میں سیکیورٹی کے بہتر انتظامات اور دہشت گردی کے خلاف موثر اقدامات کے لیے ایک مثبت قدم سمجھا جا رہا ہے۔





