شمالی وزیرستان، میر علی میں گاڑی پر فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق

شمالی وزیرستان، میر علی میں گاڑی پر فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق

شمالی وزیرستان ایک بار پھر دہشت گردی کے واقعے سے لرز اٹھا، جہاں میر علی کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔

نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز )کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک گاڑی پر اچانک مسلح حملہ آوروں نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ اتنی شدید تھی کہ گاڑی میں آگ لگ گئی، جس سے گاڑی مکمل طور پر جل گئی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کے مطابق واقعے کے فوراً بعد ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے، جبکہ جاں بحق افراد کی لاشوں کو شناخت کے لیے میر علی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، تاہم اب تک واقعے کی اصل وجہ یا فریقین کے درمیان ممکنہ دشمنی کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

علاقے میں اس افسوسناک واقعے کے بعد خوف و ہراس کی فضا قائم ہے، جبکہ شہریوں نے حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں امن و امان کی بحالی اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔

Scroll to Top