خیبرپختونخوا میں ڈینگی کیسز میں اضافہ ،محکمہ صحت نے رپورٹ جاری کردی

خیبرپختونخوا میں ڈینگی کیسز میں اضافہ ،محکمہ صحت نے رپورٹ جاری کردی

سلمان یوسفزئی

خیبر پختونخوا میں ڈینگی وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 25 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد رواں سال ڈینگی سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 ہزار 830 تک جا پہنچی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس وقت صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں 54 مریض زیر علاج ہیں جبکہ رواں سال کے دوران 1 ہزار 582 افراد کو ڈینگی کے باعث اسپتالوں میں داخل کیا گیا۔

محکمہ صحت کے مطابق اب تک 3 ہزار 560 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ268 فعال کیسز صوبے کے مختلف اضلاع میں موجود ہیں۔ اب تک ڈینگی سے دو افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ضلعی اعداد و شمار کے مطابق چارسدہ میں سب سے زیادہ 1 ہزار 37 کیسز رپورٹ ہوئے اس کے بعد پشاور میں 377، مردان میں 343، مانسہرہ میں 299، ہری پور میں 329، کوہاٹ میں 144، سوات میں 143، ایبٹ آباد میں 128، لوئر دیر میں 111 اور ہنگو میں 102 کیسز سامنے آئے۔

پشاور میں اس وقت 65 فعال کیسز موجود ہیں، مردان میں 30، ہری پور میں 26، لوئر دیر میں 22، کوہاٹ میں 15، ہنگو میں 14، ملاکنڈ میں 13 اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 10 کیسز زیر علاج ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق ڈینگی وائرس صوبے کے بیشتر اضلاع میں پھیل چکا ہے۔ مردان میں 10 مریض اسپتالوں میں داخل ہیں، جبکہ باجوڑ میں 8، چارسدہ میں 6، نوشہرہ میں 4 اور صوابی میں 2 مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں اسپرے مہم اور آگاہی مہمات جاری ہیں، خصوصا پشاور میں جہاں متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ پانی کے برتنوں اور کھلے تالابوں میں مچھر پیدا ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں اس لیے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جب درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے جائے گا تو وائرس کی شدت میں کمی متوقع ہے۔

Scroll to Top