سول سیکرٹریٹ پشاورکے ہزاروں ملازمین کاجدید اٹینڈنس سسٹم میں رجسٹریشن نہ ہونے کا انکشاف

اعجاز آفریدی

پشاور:سول سیکرٹریٹ کے پانچ ہزار 600 ملازمین میں سے صرف اور صرف6 66 ملازمین محکمہ انتظامیہ کی جانب سے وضع کردہ قاعدے کے مطابق حاضری لگانے کا انکشاف ہواہے جبکہ باقی ملازمین نے ابھی تک خیبرپختونخوا حکومت کے جدید اٹینڈنس مینجمنٹ سسٹم میں اپنے آپ کو رجسٹرڈ ہی نہیں کیا۔

یہ انکشاف محکمہ انتظامی امور خیبرپختونخوا نے ایک مراسلے میں کیا ہے ۔مراسلہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پی اینڈڈی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ و قبائلی امور ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور تمام انتظامی سیکرٹریز کے نام جاری کیا گیاہے ۔

مراسلے میں کہا گیاہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کے سیکرٹریٹ میں فیس ریکگنیشن پر مبنی جدید حاضری سسٹم پر ملازمین کی رجسٹریشن کا عمل شدید سستی کا شکار ہے، 5600 ملازمین میں سے اب تک صرف چھ سو 66ملازمین ہی رجسٹر ہو سکے ہیں، جس پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ تمام سول سیکرٹریٹ کے تمام ڈیپارٹمنٹ 24 اکتوبرتک تمام ملازمین کی رجسٹریشن مکمل کرلی جائے۔

محکمہ انتظامیہ خیبرپختونخواکی جانب سے جاری مراسلہ کے مطابق مجموعی طور پر پانچ ہزار 600ملازمین سیکرٹریٹ میں خدمات انجام دے رہے ہیں تاہم ابھی تک صرف چھ سو 66 ملازمین کی رجسٹریشن مکمل ہوئی ہے جن میں 229 ملازمین محکمہ اسٹیبلشمنٹ اور ایڈمنسٹریشن کے ہیں جبکہ باقی 437 ملازمین مختلف محکموں سے تعلق رکھتے ہیں۔

مراسلے میں یہ بھی کہا گیاہے کہ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے اٹینڈنس مینجمنٹ سسٹم پر رجسٹریشن کی رفتار کوغیر معمولی حد تک سست قرار دیتے ہوئے تمام محکموں کے سیکرٹریز کو خط لکھنے کی ہدایت کی ہے او رکہا ہے کہ اٹینڈنس مینجمنٹ سسٹم پر تمام ملازمین کی رجسٹریشن جمہ 24 اکتوبر تک مکمل کی جائے جس سے ملازمین کی حاضری براہ راست مانیٹر کی جائے گی اور کسی بھی غیر حاضری یا تاخیر کی صورت میں خودکار ریکارڈنگ ہوگی۔

واضح رہے کہ صوبائی حکومت نے تمام ملازمین کے لئے بائیومیٹرک حاضری کو ضروری قراردیا تھا۔

Scroll to Top