شیراز احمد شیرازی
اسلام آباد:نیشنل سائبر کرائمز ایجنسی( این سی سی آئی اے) نے پی ٹی آئی کی خاتون رکن اسمبلی شاندانہ گلزار خان کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ نمبر 296/2025 درج کر لیا ہے۔
ملزمہ پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر ریاست مخالف مواد پھیلانے کا الزام ہے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ شاندانہ گلزار نے متعدد جعلی اور گمراہ کن ٹویٹس اور ویڈیوز شیئر کیں جن میں ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز اور اشتعال انگیز بیانات شامل تھے۔ ان ٹویٹس سے نسلی اور لسانی نفرت کو بھی ہوا دی گئی۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمہ نے وزیراعظم پاکستان سے متعلق جعلی تصویر اور غلط معلومات پھیلائیں اور جھوٹی خبر میں اسرائیلی وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات کا الزام لگایا جس سے عوام میں خوف، بے چینی اور ریاستی اداروں کے خلاف بداعتمادی پھیلی۔
تحقیقات میں ثابت ہوا کہ شاندانہ گلزار نے جان بوجھ کر فیک نیوز کے ذریعے ریاست مخالف بیانیہ آگے بڑھایا۔ اس کے خلاف پی ای سی اے 2016 کے سیکشن 11، 20 اور 26-اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ ریاست مخالف مہم کے پیچھے موجود دیگر عناصر اور معاونین کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔





