عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت بڑھ کر 61 ڈالر فی بیرل اور برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 4.3 فیصد اضافے کے بعد 65.3 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ اضافہ روسی آئل ریفائنریز پر امریکی پابندیوں کے بعد سامنے آیا ہے، جس نے عالمی توانائی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی پابندیوں کے باعث چین اور بھارت جیسے بڑے خریدار ممالک کو اب متبادل سپلائرز تلاش کرنے ہوں گے تاکہ وہ مغربی بینکنگ نظام سے الگ نہ ہو جائیں۔
توانائی کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ روسی تیل پر عائد نئی پابندیاں عالمی مارکیٹ میں تیل کی سپلائی چین کو متاثر کر رہی ہیں، جس سے مستقبل میں قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
عالمی معیشت پر اس اضافے کے اثرات براہِ راست دیکھے جا رہے ہیں اور ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر صورتحال برقرار رہی تو تیل درآمد کرنے والے ممالک میں مہنگائی کی نئی لہر پیدا ہو سکتی ہے۔





