سانس لینا مشکل ہوسکتا ہے، محکمہ موسمیات نے خطرناک سموگ الرٹ جاری کردیا

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں ملک کے مختلف علاقوں سموگ کی شدت میں خطرناک حد تک اضافہ متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خشک اور بے بارش موسم سموگ بننے کے لیے سازگار ثابت ہو رہا ہے جس کے باعث لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، اور گردونواح کے علاقے شدید متاثر ہوسکتے ہیں۔

بڑے شہروں میں فضا میں آلودگی کی موٹی تہہ چھا جانے کا امکان ہے جو شہریوں کی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صنعتی فضلہ، گاڑیوں کے دھوئیں اور فضائی آلودگی میں اضافہ سموگ کی بنیادی وجوہات ہیں۔

ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ سموگ کے باعث سانس کی بیماریوں، آنکھوں کی جلن اور الرجی کے کیسز میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو سموگ کے اثرات سے بچنے کے لیے خصوصی طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ آلودہ فضا کی وجہ سے حد نگاہ کم ہونے اور ٹریفک حادثات میں اضافے کا بھی خدشہ ہے، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور ماسک کے استعمال کی تاکید کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سردی کی آمد! محکمہ موسمیات کی بڑی پیش گوئی سامنے آگئی

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم بالائی اور پہاڑی علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابرآلود رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چترال، دیر، سوات، کوہستان اور مانسہرہ کے چند مقامات پر ہلکی بارش اور برف باری ہوسکتی ہے، بالائی علاقوں میں موسم سرد جبکہ میدانی علاقوں میں دن کے اوقات میں موسم خشک اور قدرے گرم رہنے کی توقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ضلع سوات میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے اعدادوشمار کے مطابق سب سے زیادہ درجہ حرارت ڈیرہ اسماعیل خان میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ سب سے کم درجہ حرارت کالام میں 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 14 اور زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 47 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ چند روز تک صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم بالائی اضلاع کے رہائشیوں کو ٹھنڈ میں اضافے کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Scroll to Top