جنوبی وزیرستان کے عوام کے لیے خوشخبری، ایف سی خیبر پختونخوا نے عوام کا مطالبہ پورا کرتے ہوئے سپین کئی میں بائی پاس روڈ کی تعمیر مکمل کر دی ہے۔
یہ منصوبہ 9 اگست کے کنونشن کے دوران محسود اور برکی قبائل کے مشران اور عمائدین کی جانب سے پیش کیے گئے مطالبات کے جواب میں شروع کیا گیا تھا۔
ایف سی خیبر پختونخوا نے اس عزم کے تحت مقامی مشران سے کیے گئے وعدے کو عملی جامہ پہنایا اور سپین کئی بائی پاس روڈ کی تعمیر منصوبے کو مکمل کیا۔
کیڈٹ کالج سپین کئی کے قریب تعمیر کی گئی بائی پاس روڈ سے عوام کی آمد و رفت میں آسانی ہوگی اور روزمرہ زندگی میں سہولت میسر آئے گی۔
اس منصوبے سے نہ صرف تعلیم، صحت اور تجارت میں بہتری آئے گی بلکہ علاقے کی سماجی و معاشی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔
مقامی عوام نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا اور ایف سی کے اس کردار کو سراہا جو امن و امان کے قیام کے ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں بھی سرگرم عمل ہے۔
جنوبی وزیرستان ایک ایسا علاقہ ہے جو پچھلے کئی دہائیوں سے سیکیورٹی اور ترقیاتی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔
تاریخی طور پر یہاں انفراسٹرکچر کی کمی، محدود آمد و رفت، اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی مسائل کی وجہ رہی ہیں، اسی وجہ سے مقامی قبائل اور عوام کی جانب سے اہم منصوبوں کے لیے مسلسل مطالبات کیے جاتے رہے ہیں۔
سپین کئی بائی پاس روڈ بھی اسی سلسلے کی ایک اہم ضرورت تھی، 9 اگست کے کنونشن میں محسود اور برکی قبائل کے مشران اور عمائدین نے اس بائی پاس روڈ کی تعمیر کی شدید ضرورت پر زور دیا تھا۔
سپین کئی سڑک نہ صرف روزمرہ آمد و رفت میں آسانی فراہم کرے گی بلکہ تعلیم، صحت، تجارت اور دیگر معاشرتی سرگرمیوں میں بھی سہولت فراہم کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سپین بولدک پر پاکستانی جیٹس کی بمباری، افغان طالبان کو بھاری جانی نقصان
ایف سی خیبر پختونخوا نے اس منصوبے کو عملی شکل دے کر نہ صرف مقامی مشران کے مطالبات پورے کیے بلکہ علاقے میں امن و امان کے قیام کے ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے کاموں میں بھی اپنی سنجیدگی ظاہر کی۔
یہ منصوبہ جنوبی وزیرستان کے ترقیاتی سفر میں ایک اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، اس سے علاقے کی سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا اور مقامی عوام کی زندگی میں مثبت تبدیلی آئے گی۔





