ورلڈ بینک کا خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ دو ارب ڈالر کے ترقیاتی منصوبوں میں تعاون جاری رکھنے کا اعلان

اعجاز آفریدی

پشاور:ورلڈ بینک نےخیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ دو ارب ڈالر کے ترقیاتی منصوبوں میں تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیاہے۔

ورلڈ بینک کے کنٹری ہیڈنے وزیراعلی خیبرپختونخوا کے نام لکھے گئے خط میں وزیراعلی خیبرپختونخوا کو باور کرائی ہے کہ ورلڈ بینک ضم اضلاع کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالے گا اور بینک جلدخیبر پختونخوا فلوڈ ریزیلینس پروجیکٹ پر کام شروع کرے گا۔

ورلڈ بینک نے خیبر پختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کو مبارکباد دیتے ہوئے صوبے کی ترقیاتی کےلئے تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولرما امگاابازار نے وزیراعلیٰ کے نام ایک مراسلے میں کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ورلڈ بینک کا موجودہ ترقیاتی پورٹ فولیو تقریباً دو ارب ڈالر پر مشتمل ہے، جو انسانی وسائل، زراعت، توانائی، سیاحت، تعلیم، محصولات میں اضافے اور دیہی انفراسٹرکچر جیسے شعبوں پر محیط ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ ضم شدہ اضلاع میں جاری 200 ملین ڈالر مالیت کی پراجیکٹ صوبے کی پائیدار ترقی کے لئے بینک کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

ورلڈ بینک نے اپنے مراسلے میں خیبر پختونخوا حکومت کے مختلف محکموں خصوصاً چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کی کارکردگی کو سراہا اور صوبے کے ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں ان کے کردار کوقابل تحسین قرار دیا۔

خط میں کنٹری ڈائریکٹر نے لکھاہے کہ کہ بینک جلد خیبر پختونخوا فلوڈ ریزیلینس پروجیکٹ پر کام شروع کرے گا، جس کے لیے 250 ملین ڈالر کی ابتدائی فنڈنگ مختص کی گئی ہے۔ یہ منصوبہ صوبے میں سیلاب سے بچاؤ، آفات کے ابتدائی انتباہی نظام اور ایمرجنسی رسپانس کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔

خط میں کنٹری ہیڈ نے مزید کہا ہے کہ ورلڈ بینک نے نیا فریم ورک پارٹنرشپ کنٹری منصوبے متعارف کرایاہے ، جو جامع اور پائیدار ترقی کے لئے حکمت عملی فراہم کرے گا۔ اس میں بچوں کی غذائی قلت میں کمی، تعلیم کے فروغ، ماحولیاتی استحکام، اور نجی سرمایہ کاری کے فروغ پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔

بولرما امگاابازار نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بینک صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر ایک مضبوط شراکت داری قائم کرنا چاہتا ہے، تاکہ خیبر پختونخوا کو ایک مضبوط، جامع اور خوشحال صوبہ بنایا جا سکے۔

Scroll to Top