وزیراعلی سہیل آفریدی کا چارسدہ سے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کےلیے تحریک کے آغاز کا اعلان

شاہد جان

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ انہیں چارسدہ اور باڑہ جانے سے روکا گیا اور کہا گیا کہ ان کی جان کو خطرہ ہے، لیکن وہ موت سے نہیں ڈرتے اور پی ٹی آئی اور عمران خان کے لیے جان بھی قربان کرنے کو تیار ہیں۔

چارسدہ میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ انہیں اعتماد میں لیے بغیر بند کمروں میں فیصلے نہیں مانیں گے اور ان کے تمام اقدامات بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق ہوں گے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ انہیں عمران خان نے وزیر اعلیٰ بنایا ہے، اس لیے تمام فیصلے عمران خان کے وژن کے مطابق ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ بحیثیت وزیر اعلیٰ ایک ایسے ضلع میں پہلا جلسہ کر رہے ہیں جہاں سے پی ٹی آئی نے ایک سیاسی پارٹی کا صفایا کیا ہے، اور آج کا جلسہ ثابت کر رہا ہے کہ پختونخوا کے عوام بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ کے لیے نامزد ہونے پر بعض حلقوں نے کہا کہ انہیں قبول نہیں، لیکن آج یہ بات واضح ہو گئی کہ وہ عوام کو قبول ہیں اور سب کو عوامی مینڈیٹ کا احترام کرنا ہوگا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کچھ لوگوں نے پریس کانفرنسز کے ذریعے انہیں دہشت گرد بنانے کی کوشش کی۔

سہیل آفریدی نے بتایا کہ وہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنا چاہتے تھےلیکن انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا، عدالت نے ملاقات کی اجازت دی، لیکن عدالت کے حکم پر بھی عمل نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جب تمام راستے بند ہو گئے تو انہیں مجبورا عوام کے پاس آنا پڑا۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے ضلع چارسدہ سے تحریک کا آغاز کر دیا۔ وزیر اعلیٰ نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے لیڈر کی رہائی کے لیے سڑکوں پر نکلیں۔ کارکنوں پر ظلم و جبر کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لاؤں گا۔

Scroll to Top