افغان طالبان کے گمراہ کن پروپیگنڈے کا بھانڈا پھوٹ گیا، وزارتِ اطلاعات نے حقائق بے نقاب کر دیے

اسلام آباد: پاکستان کے خلاف افغان طالبان کی جانب سے چلائی جانے والی جھوٹے اور منظم پروپیگنڈا مہم کا پردہ فاش ہو گیا۔

وزارتِ اطلاعات و نشریات نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت اور افغان طالبان سے منسلک متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹس پاکستان کے خلاف گمراہ کن بیانیہ پھیلانے میں مصروف ہیں۔

وزارت کے مطابق ان اکاؤنٹس کی جانب سے حالیہ دنوں میں چمن اجتماع کی پرانی ویڈیوز اور تصاویر کو نئے واقعات کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔

ان ویڈیوز کی جانچ سے واضح ہوا ہے کہ یہ مناظر دسمبر 2022 کے چمن اجتماع کے ہیں جنہیں سیاق و سباق سے ہٹا کر غلط معلومات کے ساتھ پھیلایا جا رہا ہے۔

ترجمان وزارتِ اطلاعات نے کہا کہ طالبان رجیم کی جانب سے جھوٹا بیانیہ، من گھڑت خبریں اور جعلی تصاویر پھیلانا ایک منظم پروپیگنڈا مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد پاکستان کے بارے میں عوامی تاثر کو خراب کرنا اور خطے میں بداعتمادی پیدا کرنا ہے۔

وزارتِ اطلاعات کے مطابق اس طرح کے اقدامات افغان طالبان کے مذموم عزائم کو ظاہر کرتے ہیں، جو ماضی کی ویڈیوز اور غیر متعلقہ مناظر کے ذریعے حقیقت کو مسخ کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پی سی بی نے شان مسعود کو کنسلٹنٹ انٹرنیشنل کرکٹ اینڈ پلیئرز افیئرز مقرر کردیا

علاوہ ازیں سرکاری ذرائع نے اس امر پر بھی روشنی ڈالی کہ بھارت ایک بار پھر پاکستان مخالف پروپیگنڈے میں سرگرم ہے اور افغان طالبان کی میڈیا مشینری کو سہولت فراہم کر رہا ہے تاکہ جھوٹے بیانیے کے ذریعے پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کیا جا سکے۔

وزارتِ اطلاعات نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی غیر مصدقہ معلومات پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری و مصدقہ ذرائع سے جاری خبروں پر انحصار کریں۔

Scroll to Top