کارکن اسٹیج پر چڑھ جاتے ہیں، جلسے کرائے کے لوگ بھرتے ہیں، پی ٹی آئی کی حقیقت بے نقاب

چارسدہ: عوامی نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی جمال ناصر خان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفر یدی کے حالیہ چارسدہ جلسے کے رویے پر شدید تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے عوام اور سیاسی کارکنوں کی توقعات کو مکمل طور پر شکست دی ہے۔

جمال ناصر نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کا لیڈر قابل احترام ہوتا ہے اور عوامی نمائندوں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنا بالکل ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعلیٰ پورے خیبر پختونخوا کے عوام کے وزیر نہیں بلکہ مخصوص حلقوں کے لیے کام کر رہے ہیں، اور ان کے رویے نے سیاسی اخلاقیات کی مکمل خلاف ورزی کی ہے۔

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف پر بھی کڑی تنقید کی اور کہا کہ پی ٹی آئی نے صوبے میں پندرہ سالہ حکومت کے دوران عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے میں مکمل ناکامی کا مظاہرہ کیا ہے۔

جمال ناصر نے کہا کہ تحریک انصاف نے سیاست میں گالم گلوچ اور بدزبانی کا کلچر متعارف کرایا، جس نے ملک کی سیاسی فضاء کو بدنام کیا اور نوجوان سیاستدانوں سمیت عوام میں بھی مایوسی پیدا کی۔

جمال ناصر نے پی ٹی آئی کے جلسوں کی صورتحال پر بھی نکتہ چینی کی اور کہا کہ کارکن ہر جلسے میں اسٹیج پر چڑھ جاتے ہیں، جلسے میں کرائے پر لوگ جمع کیے جاتے ہیں، اور بدنظمی و غیر اخلاقی تقریریں تحریک انصاف سے سیکھنے کے مترادف ہو گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت کے بارے میں فواد چوہدری کا بڑا انکشاف

ان کے بقول پی ٹی آئی کی قیادت گروپوں میں تقسیم ہو چکی ہے، تو کارکنان کا خاک اکھٹے ہونا کوئی حیرت کی بات نہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ سابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے دور میں بھی عوام کی توقعات پر پورا نہیں اترا گیا، اور نئے وزیر اعلیٰ سہیل آفر یدی کا انجام بھی اسی ناکامی کے راستے پر جا سکتا ہے اگر عوامی مسائل کو ترجیح نہ دی گئی۔

جمال ناصر نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ وہ سیاسی اخلاقیات کا احترام کریں، عوامی مسائل کو ترجیح دیں اور حقیقی اقدامات کے ذریعے عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے کام کریں۔

کیونکہ موجودہ رویہ نہ صرف عوامی اعتماد کو نقصان پہنچا رہا ہے بلکہ سیاسی عمل کو بھی بری طرح متاثر کر رہا ہے۔

Scroll to Top