ٹھٹھہ میں غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف پولیس کی کارروائیوں میں 35 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے بتایا کہ ٹھٹھہ میں شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے گئے، جن کے دوران یہ افغان باشندے حراست میں لیے گئے۔ حراست میں لیے گئے افراد کو سہراب گوٹھ کراچی منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں ان کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی۔
اس سے قبل اسلام آباد میں بھی غیر قانونی افغان باشندوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے بری امام کے علاقے میں کارروائی کی۔ اس آپریشن کی قیادت ایس پی سٹی نے کی۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق، کارروائی کے دوران کچھ افغان باشندوں نے مزاحمت کی کوشش کی، لیکن پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تمام افراد کو قابو کر لیا۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائیاں ملک میں غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے تحت کی جا رہی ہیں، اور گرفتار افغان باشندوں کو قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ڈی پورٹ کیا جائے گا۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں سے آگاہ ہونے پر متعلقہ پولیس اسٹیشنز کو اطلاع دیں تاکہ قانون کے مطابق فوری کارروائی کی جا سکے۔





