پاکستان اور سعودی عرب نے ریلوے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ پاکستان نے سعودی عرب کو اپنے فلیگ شپ منصوبے ایم ایل ون میں سرمایہ کاری کی پیشکش بھی کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ پیش رفت وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی اور سعودی نائب وزیر ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروسز رامیح الرامیح کے درمیان اسلام آباد میں ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس کے موقع پر ہونے والی ملاقات کے دوران سامنے آئی۔ ملاقات میں دونوں ممالک نے ریلوے منصوبوں، علاقائی روابط اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی بات چیت کی۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے سعودی نائب وزیر کو بتایا کہ ایم ایل ون منصوبہ پاکستان ریلوے نیٹ ورک کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اور سعودی سرمایہ کاری سے نہ صرف پاکستان کی بنیادی ڈھانچے کی اپ گریڈیشن میں مدد ملے گی بلکہ علاقائی روابط کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ پاکستان ریلوے تیزی سے نظام کی ڈیجیٹلائزیشن اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر کام کر رہا ہے، جس کے تحت کوہاٹ،تھل ،خرلاچی ریلوے لنک (192 کلومیٹر طویل) وسطی ایشیائی ممالک سے پاکستان کے ریل نظام کو جوڑے گا۔
مزید برآں، چمن کے راستے وسطی ایشیائی ریاستوں تک ریلوے رابطے کے منصوبے پر بھی پیشرفت جاری ہے۔ ملاقات میں دونوں ممالک نے ٹرانسپورٹ اور تجارت کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ریلوے تعاون نہ صرف تجارتی روابط کو مضبوط کرے گا بلکہ خطے میں اقتصادی ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گا۔





