ڈیجیٹل بینک صارفین کے لیے الرٹ، بایومیٹرک ویری فکیشن نہ کرنے پر اکاؤنٹس بند ہو سکتے ہیں۔
بینک صارفین کے لیے بڑی خبر آ گئی ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے نئے بایومیٹرک تصدیقی ضوابط آج سے نافذ العمل ہو رہے ہیں، جس کے بعد بایومیٹرک تصدیق مکمل نہ کرنے والے موبائل والیٹس اور ڈیجیٹل بینک اکاؤنٹس بلاک ہو سکتے ہیں
ذرائع کے مطابق، جولائی 2025 میں جاری کیے گئے BPRD سرکلر نمبر 1 کے تحت تمام بینک، مائیکرو فنانس بینک، ڈیجیٹل بینک، ڈویلپمنٹ فنانس ادارے اور الیکٹرانک منی انسٹی ٹیوشنز کے لیے بایومیٹرک تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے۔ نئے قواعد کے تحت اکاؤنٹ ہولڈرز 25 اکتوبر سے پہلے بایومیٹرک ویری فکیشن مکمل نہ کریں تو ان کے اکاؤنٹس سے لین دین کی تمام سہولت معطل ہو سکتی ہے، جس میں رقوم بھیجنے یا وصول کرنے پر بھی پابندی شامل ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ان اقدامات سے لاکھوں اکاؤنٹس، بشمول غیر ملکی کرنسی اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس، متاثر ہو سکتے ہیں۔ اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ ’کنسولیڈیٹڈ کسٹمر آن بورڈنگ فریم ورک‘ اب انفرادی اور کارپوریٹ دونوں صارفین پر لاگو ہوگا، چاہے اکاؤنٹ برانچ کے ذریعے کھولا گیا ہو یا آن لائن۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق، نئے ضوابط کا مقصد منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف اقدامات کو مضبوط بنانا اور مالیاتی نظام میں شفافیت پیدا کرنا ہے۔ واضح رہے کہ تمام مالیاتی اداروں کو نئے بایومیٹرک تقاضوں پر عمل درآمد کے لیے تین ماہ کی مہلت دی گئی تھی، تاہم کسی قسم کی توسیع کا اعلان نہیں کیا گیا۔





