صوبائی دارالحکومت پشاور میں غیرحاضر اساتذہ اور عملے پر جرمانے عائد کرنے اور ان کی تنخواہوں میں کٹوتیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر پشاور نے بدھ کے روز مختلف سرکاری سکولوں کا دورہ کیا، اور ڈیوٹی سے غیرحاضر اساتذہ اور عملے پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
ڈی ای او نے اپنے دورہ کے حوالے سے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر کے دورے کے دوران ایک سرکاری سکول کے دو ٹیچرز ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے لیکن دونوں ٹیچرز کی حاضری رجسٹر میں جعلی طریقے سے لگائی گئی تھی، جس پر دونوں اساتذہ سے تنخواہ میں کٹوتی کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا، 9 ہزار سے زائد سرکاری ملازمین کا مستقبل خطرے میں
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پشاور نے بتایا کہ ایک اور سرکاری سکول میں غیر حاضر چوکیدار سے بھی ایک دن کی تنخواہ کاٹی جائیگی، ڈیوٹی سے غفلت برتنے اور سکولوں میں صفائی کی ناقص صورتحال پر دو سکولوں کے ہیڈ ٹیچرز کا تبادلہ بھی کر دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ دورے کے موقع پر دو سکولوں میں چوکیدار اور اساتذہ غیر حاضر تھے، سکولوں میں بچے کلاس روزمز میں بیٹھنے کی بجائے باہر گھوم پھر رہے تھے۔