وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ شہید ایس پی اور بہادر پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ہنگو دھماکے میں شہید ایس پی اسد زبیر کے گھر جا کر اہلِ خانہ سے ملاقات اور گہری تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے شہید کی قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہادر سپاہیوں کی قربانیاں قوم کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کوہاٹ میں سابق وزیر داخلہ اور رکن قومی اسمبلی شہریار خان آفریدی کی رہائش گاہ کا بھی دورہ کیا اور ہنگو میں شہید ہونے والے شہریار خان کے کزن اور ایس ایس پی آپریشنز ہنگو، شہید اسد زبیر آفریدی کی شہادت پر فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے لواحقین سے دلاسہ اور تعزیت بھی کی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور ملوث عناصر کو ہر صورت سزا دی جائے گی۔ انہوں نے آئی جی پولیس سے فوری رپورٹ طلب کی اور امن و امان کی صورتحال پر اپیکس کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کیا۔
محمد سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ بزدلانہ حملے سی ٹی ڈی اور پولیس کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، اور شہید ایس پی آپریشنز اور دیگر پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے امن کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا اعلان کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی درخواست کی۔





