امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سراہا، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم پاکستان بہترین قیادت کے مالک ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں ’’زبردست فائٹر‘‘ قرار دیا ہے۔ جنوبی کوریا میں ہونے والے اپیک سی ای او سمٹ کے ظہرانے میں گفتگو کے دوران ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ماضی کی کشیدہ صورتحال پر بھی بات کی۔
ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل دونوں بہترین اور قابل شخصیات ہیں، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک زبردست فائٹر ہیں جنہوں نے ہمیشہ اپنے ملک کے مفادات کا دفاع کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک موقع پر پاکستان اور بھارت جنگ کے قریب پہنچ گئے تھے اور 7 طیارے مار گرائے گئے، جو ایک غیر معمولی واقعہ تھا کیونکہ دونوں ممالک ایٹمی طاقت رکھتے ہیں۔
سابق امریکی صدر نے بتایا کہ اس دوران انہوں نے دونوں ممالک کے رہنماؤں سے رابطہ کیا۔ٹرمپ نے کہا، “میں نے مودی سے کہا کہ تم پاکستان سے جنگ کر رہے ہو، ہم تمہارے ساتھ تجارتی معاہدہ نہیں کریں گے۔ پھر پاکستان سے بھی یہی کہا کہ ہم تم سے تجارت نہیں کریں گے کیونکہ تم بھارت سے لڑ رہے ہو۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے دونوں ممالک کو خبردار کیا کہ اگر جنگ نہ رکی تو ان پر 250 فیصد ٹیکس لگا دوں گا، جس کے بعد صرف 48 گھنٹوں میں دونوں جانب سے لڑائی بند کر دی گئی۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے لاکھوں جانیں بچ گئیں۔ انہوں نے فخر سے کہا’’کیا بائیڈن ایسا کر سکتے تھے؟ میں نے دونوں ممالک کو امن کی راہ پر واپس لایا۔‘‘
ٹرمپ کے اس بیان پر تقریب میں موجود شرکاء کی جانب سے خوب تالیاں بجائی گئیں، جبکہ بین الاقوامی تجزیہ کاروں نے ان کے دعوے پر مختلف آراء کا اظہار کیا ہے۔





