شیراز احمد شیرازی
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں جہاں اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے الگ الگ فہرستیں سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق جیل ملاقاتوں کی فہرست مرتب کرنے کی ذمہ داری سینیٹر علی ظفر کو دی گئی تھی لیکن پارٹی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے علی ظفر کی جاری کردہ فہرست پر اپنی الگ لسٹ جاری کر دی۔

سینیٹر علی ظفر کی لسٹ میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی، اسد قیصر، جنید اکبر، تیمور خان جھگڑا اور صحافی اسد اللہ خان کے نام شامل ہیں۔
دوسری جانب سلمان اکرم راجہ کی لسٹ میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، جنید اکبر، شاہد احمد خٹک، سینیٹر اون عباس پبی، تیمور خان جھگڑا اور زر عالم خان کے نام شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بانی پی ٹی آئی سے اجازت ملنے کے بعد سہیل آفریدی آج خیبرپختونخوا کابینہ بنائیں گے
خیبرپختونخوا میں آج نئی صوبائی کابینہ کی تشکیل کا امکان ہے، جس کا فیصلہ بانی تحریکِ انصاف عمران خان سے ملاقات کے بعد حتمی ہوگا۔
ابتدائی مرحلے میں کابینہ مختصر رکھی جائے گی، جس میں مینا خان، شکیل خان، فیصل ترکئی، عاقب اللہ، فخر جہاں اور فضل شکور شامل ہوں گے جبکہ مزمل اسلم کو مشیرِ خزانہ بنایا جائے گا۔
پی ٹی آئی کے پارلیمانی اجلاس میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ارکان اسمبلی کو اعتماد میں لیا اور کابینہ کی تشکیل سے متعلق تجاویز پر مشاورت کی۔ ذرائع کے مطابق کابینہ میں توسیع کا حتمی فیصلہ عمران خان سے ملاقات کے بعد کیا جائے گا۔
سہیل آفریدی منگل کو کابینہ کی تشکیل پر مشاورت کے لیے راولپنڈی پہنچے، لیکن انہیں جیل کے اندر جانے کی اجازت نہیں ملی۔ اس سے قبل بھی دو بار ملاقات روکنے پر وزیراعلیٰ نے مختصر دھرنا دیا تھا۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ اس پابندی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ان کا آئینی اور سیاسی حق ہے اور عمران خان کی رہنمائی کے بغیر کابینہ کے ناموں کا اعلان نہیں کریں گے۔





