بانی سے ملاقات کا معاملہ،سہیل آفریدی کا توہین عدالت کیس کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ کو خط ارسال

کاشف الدین سید

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے توہینِ عدالت کیس دائر کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط ارسال کردیا ہے۔

خط میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عدالت نے وزیراعلیٰ کو بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کا حکم دیا تھا تاہم جیل انتظامیہ نے ملاقات کی اجازت نہیں دی۔

مذید لکھا گیا ہے کہ عدالتی فیصلے کی تصدیق شدہ کاپی کے حصول کے لیے درخواست پہلے ہی جمع کرائی جا چکی ہےجو تاحال فراہم نہیں کی گئی۔

خط میں استدعا کی گئی ہے کہ قانون کی پاسداری اور کیس کو آگے بڑھانے کے لیے حکم نامے کی تصدیق شدہ کاپی فوری طور پر فراہم کی جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ایک بار پھر ملاقات نہ ہوسکی تھی جس پر انہوں نے توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ٓاڈیالہ جیل کے قریب داہگل ناکے پر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم توہین عدالت کی درخواست اس لیے دے رہے ہیں کیونکہ تین جج صاحبان کے احکامات کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ملاقات نہ ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ انہیں عمران خان سے پیغامات موصول نہیں ہو رہے۔

صحافی کے ایک سوال پر کہ اگر پیغامات آ رہے ہیں تو کابینہ کیوں نہیں بنائی جا رہی؟ وزیراعلیٰ نے جواب دیا کہ اصل سوال یہ ہے کہ مجھے اپنے لیڈر سے ملنے سے کیوں روکا جا رہا ہے جبکہ میں عوام کے مینڈیٹ سے اس منصب پر پہنچا ہوں۔

Scroll to Top