علیمہ خانم کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک کردیا گیا

راولپنڈی: انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے حکم پر پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہن علیمہ خانم کا پاسپورٹ بلاک کر دیا گیا ہے۔

عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں عدم پیشی پر یہ احکامات جاری کیے تھے۔ عدالتی حکم کے بعد نادرا اور پاسپورٹ حکام نے رپورٹ جمع کروا دی۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے علیمہ خانم کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دیا تھا۔

عدالت نے علیمہ خانم کو کل 30 اکتوبر کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ ان کے خلاف چھ مرتبہ وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکے ہیں۔

کیس میں کل گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جائیں گےجن میں پانچ گواہان کو طلب کیا گیا ہے۔ سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : علیمہ خان نے 26 نومبر احتجاج کیس میں عدالت کے دائرہ اختیار کو چیلنج کر دیا

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ 26 نومبر کے احتجاج کے خلاف درج مقدمہ بالکل بے بنیاد ہے اور ان کے خیال میں اس مقدمے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

علیمہ خان نے وکیل فیصل ملک کے ہمراہ انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عدالت نے تھانہ صادق آباد میں درج مقدمے کی سماعت فرد جرم کے لیے مقرر کی تھی، تاہم انہوں نے عدالت کے دائرہ اختیار کو چیلنج کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج انہوں نے عدالت میں ایک مضبوط دلائل پر مبنی درخواست دائر کی ہے اور عدالت سے استدعا کی ہے کہ اس درخواست کی سماعت 20 اکتوبر کو کی جائے۔ علیمہ خان کے مطابق، عدالت نے ان کی درخواست پر پراسیکیوشن کو نوٹس بھی جاری کر دیے ہیں۔

علیمہ خان نے کہا کہ وہ قانونی طور پر اپنی صفائی پیش کرنے کے لیے تیار ہیں اور انصاف کے حصول کے لیے تمام قانونی راستے استعمال کریں گے۔

Scroll to Top