کیپٹن نعمان اور ساتھی جوانوں نے جانیں قربان کیں، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، صدر و وزیراعظم

اسلام آباد : صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کرم کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کی تعریف کی اور سکیورٹی فورسز کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبۂ قربانی کو سراہا۔

صدر زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائی میں شہید ہونے والے کیپٹن نعمان سلیم اور ان کے پانچ ساتھیوں کی قربانی کو قوم خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے حمایت یافتہ فتنۂ خوارج کے خلاف یہ آپریشن ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا اور شہداء کی قربانیاں قومی اتحاد، سلامتی اور استحکام کی ضمانت ہیں۔

صدر نے شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کی۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے بھی آپریشن کے دوران دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے کیپٹن ڈاکٹر نعمان سلیم، حوالدار امجد علی، نائیک وقاص احمد، سپاہی اعجاز علی، سپاہی محمد ولید اور سپاہی محمد شہباز کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں : کیپٹن نعمان سمیت 6 جوانوں نے جانیں نچھاور کر کے اعلیٰ مثال قائم کی، محسن نقوی

انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں اور سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہے اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعظم نے شہداء کی بلندی درجات کی دعا کی اور اہلِ خانہ کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا، جبکہ دونوں سربراہانِ مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کی سرحدوں اور عوام کی حفاظت کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔

Scroll to Top