ہرنائی۔ بلوچستان میں جمعہ کے روز ہونے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے 10 کان کنوں کا تعلق خیبر پختونخوا کے مالاکنڈ ڈویژن سے تھا۔ کان کن اس وقت حملے کی زد میں آئے جب وہ اپنی کوئلہ کان میں کام کرنے کے لئے جا رہے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ہرنائی میں کوئلہ کان کنوں کو لے جانے والے ٹرک پر ہونے والے دھماکے میں کم از کم 11 افراد جاں بحق اور اتنے ہی زخمی ہوئے تھے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو ہرنائی کے شہرنگ بیسک ہیلتھ یونٹ منتقل کیا گیا تھا۔
بلوچستان حکومت کے مطابق، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کے بعد سے تحقیقات کا آغاز کر دیا تھا تاہم ابھی تک کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی سے سدھنوتی جانے والی بس حادثے کا شکار، 2 افراد جاں بحق
کوئلہ کان مزدوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم کے صدر عابد یار خان نے ’’پختون ڈیجیٹل‘‘ کو بتایا کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے 6 مزدوروں کا تعلق ضلع شانگلہ کے لیلونئی علاقے سے تھا، جبکہ تین کا تعلق اپر دیر اور ایک کا تعلق سوات سے تھا۔
جاں بحق افراد کی شناخت ایاز خان، حضرت، بچہ حسین (ساکنان اپر دیر)، محمد حنیف، رحیم اللہ گل، جاوید خان، رحمت شاہد، دولت مند، اقبال حسین (ساکنان لیلونئی، شانگلہ)، اور عمر علی (ساکن خوازہ خیلہ، سوات) کے نام سے ہوئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران کی موجودگی میں جاں بحق کان کنوں کی لاشوں کو ان کے آبائی علاقوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔