وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کابینہ کو عمران خان کی ہدایت پر حتمی شکل دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر صوبائی کابینہ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں 10 سے زائد اراکین پر مشتمل کابینہ فائنل کر لی گئی ہے جبکہ باقی اراکین کے نام بھی جلد زیر غور آئیں گے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کی شکایات کے ازالے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور کابینہ کی تشکیل کے دوران میرٹ اور کارکردگی کو ترجیح دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان سے مسلسل دہشت گردی کے واقعات افسوسناک ہیں، صوبے کے عوام اور سیکیورٹی فورسز قربانیاں دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو مشورہ دیا تھا کہ عمران خان سے ملاقات تک چھوٹی کابینہ تشکیل دی جائے تاکہ اہم سرکاری امور میں تعطل ختم کیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ نئی کابینہ صوبے میں گڈ گورننس، امن و امان اور ترقی کے عمل کو مزید تیز کرے گی۔





