اسلام آباد میں پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کی افتتاحی تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کی طالبہ کو اپنی نشست پر بٹھا کر سب کے دل جیت لیے۔
تقریب میں بلوچستان کے ضلع نوشکی سے تعلق رکھنے والی بولان میڈیکل یونیورسٹی کی فزیو تھراپی کی طالبہ بی بی درجان نے اپنے صوبے کی نمائندگی کی۔
بی بی درجان نے بتایا کہ انہیں 2023 میں یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت لیپ ٹاپ ملا، جس کی مدد سے انہیں تعلیم میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے میں مدد ملی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اگر سہولیات فراہم کی جائیں تو بلوچستان کی بیٹیاں بھی ہر میدان میں اپنا لوہا منوا سکتی ہیں۔
تقریب کے دوران جب بی بی درجان اسٹیج سے واپس آئیں تو وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں شاباش دی اور اپنی نشست پر بٹھا دیا۔
🚨🚨وزیراعظم شہبازشریف نے بلوچستان کی ایک بیٹی کو وزیراعظم کی کرسی پر بٹھادیا۔ جذباتی مناظر pic.twitter.com/U5Kjz5uAZl
— Pakhtun Digital (@PakhtunDigital) October 30, 2025
اس موقع پر ہال میں موجود شرکا نے کھڑے ہو کر بی بی درجان کے لیے تالیاں بجائیں۔
وزیراعظم کی شفقت اور حوصلہ افزائی پر بی بی درجان جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس لمحے کو کبھی نہیں بھلا سکیں گی۔





