پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما سینیٹر مشال یوسفزئی نے پارٹی کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ کےبیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کا مخصوص ٹولہ ان سے خوفزدہ نظر آتا ہے۔
ایکس پرجاری تفصیلی بیان میں مشال یوسفزئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ اپنے ساتھیوں کو ایک دوسرے کے خلاف بیانات اور حملوں سے روکا، پھر بھی سلمان اکرم راجہ سے منسلک گروپ اور ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے ان کے خلاف مہم چلائی۔
بصد احترام راجہ صاحب کیا آپکو اور ہم سب کو خان صاحب نے روکا نہیں تھا کہ سوشل میڈیا پر اس قسم کی ٹویٹس نہیں کرنی نا ہی اپنے لوگوں پر اٹیک کرنا ہے تو پھر ان ٹویٹس کا مقصد کیا ہے اور اگر مقصد عوام کو آگاہ کرنا ہے تو پھر کیا آپ بتائینگے کہ آپ سے منسلک پنجاب کے گروپ اور انکے پالے ہوئے… https://t.co/XC9y2COMqb
— Mashal Yousafzai🇵🇰 (@AkMashal) October 30, 2025
انہوں نے سوال اٹھایا کہ سہیل آفریدی کی تعیناتی میں سلمان اکرم راجہ کا کیا کردار تھا؟ اور کہا کہ اگر وہ خیبر پختونخوا نہ بھی آتے تو سہیل آفریدی کو وزیر اعلیٰ بننا ہی تھا۔
مشال یوسفزئی کے مطابق اگر سلمان اکرم راجہ بانی پی ٹی آئی کے بیانیے کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے تو کسی اور کو موقع دینا چاہیے۔
سلمان اکرم راجہ نےایکس پر لکھاکہ ان کے خلاف سازشیں کرنے والے ہمیشہ بانی پی ٹی آئی کے سامنے ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے جب سہیل آفریدی کو وزیر اعلیٰ نامزد کیا تو کئی لوگوں کو سخت جھٹکا لگا، لیکن انہوں نے پانچ دن سیاسی اور عدالتی جنگ لڑی جس کے بعد بانی پی ٹی آئی نے ان کی تعریف کی۔
میرے خلاف سازشیں کرنے والوں کو ہر بار عمران خان صاحب کے سامنے ہزیمت اٹھانا پڑتی ہے۔ خان صاحب جانتے ہیں کہ میں کبھی کسی عہدے کا طلبگار نہ تھا اور نہ اب ہوں۔ تنہائی اور کتاب میری زندگی کا مہور ہیں۔ آئین اور انسانی حقوق کیلئے جد و جہد تمام عمر کروں گا۔
— salman akram raja (@salmanAraja) October 30, 2025
سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ان کی تعریف بعض لوگوں کے لیے وبال جان بن گئی ہے، پارٹی کی کور کمیٹی کی روداد لیک کرنے والوں کو سب جانتے ہیں۔





