خیبر پختونخوا میں مختصر کابینہ تشکیل دینے کیلئے مشاورت کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔
ابتدائی طور پر 12ممبران پر مشتمل کابینہ تشکیل دی جائیگی جس میں 10وزراء، ایک مشیر اور ایک معاون خصوصی شامل ہوگا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلی محمد سہیل آفریدی نے کابینہ کی تشکیل کیلئے مشاورت مکمل کرلی ہے، صوبائی کابینہ میں نئے اور پرانے چہرے شامل کئے جائیں گے ،کابینہ کیلئے جلد سمری گورنر کو ارسال کرنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق کابینہ میں پشاور سے مینا خان آفریدی، کوہاٹ سے آفتاب عالم آفریدی، نوشہرہ سے ادریس خٹک، چارسدہ سے عارف احمد زئی، مردان سے اہتشام علی، بونیر سے ریاض خان، سوات سے امجد علی، ہری پور سے اکبر ایوب اور ایبٹ آباد سے نذیر عباسی کو شامل کئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق سوات سے میاں شرافت علی کو بھی شامل کرنے کی تجویز ہے ان تمام کو صوبائی وزراءبنائے جانے کا امکان ہے۔
اسی طرح مزمل اسلم کو مشیر جبکہ کوہاٹ سے شفیع جان کو معاون خصوصی بنائے جانے کی تجویز سامنے آئی ہے ۔
وزیر اعلی محمد سہیل آفریدی اپنی اس ٹیم کے حوالے سے پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کیساتھ مشاورت کے بعد سمری گورنر کو ارسال کی جائیگی۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخواسینیٹ ضمنی الیکشن،پی ٹی آئی کےخرم ذیشان سینیٹر منتخب
پشاور: خیبرپختونخوا سینیٹ کے ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا وقت مکمل ہو گیا، غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار خرم ذیشان نے کامیابی حاصل کر لی۔
اسمبلی کے کل 137 اراکین نے ووٹ کاسٹ کیے۔ پی ٹی آئی کے خرم ذیشان نے 91 ووٹ جبکہ اپوزیشن کے امیدوار تاج آفریدی نے 45 ووٹ حاصل کیے۔ ایک ووٹ مسترد قرار پایا۔
کامیابی کے بعد خرم ذیشان نے کہا کہ وہ سب سے پہلے اللہ تعالیٰ اور پھر اپنے قائد عمران خان کے شکر گزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اسمبلی کے تمام منتخب اراکین کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔
خرم ذیشان نے کہا کہ وہ ایوان میں پاکستان کی حقیقی آزادی کی جنگ لڑیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اقتدار، ایوان اور کرسی کا بندہ نہ بنائے، ہماری ترجیح پاکستان کی حقیقی آزادی ہے۔
خرم ذیشان نے مزید کہا کہ جب تک زندگی ہے، تھریٹس آتے رہیں گے مگر وہ اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔





