سعودی عرب نے عمرہ ویزا کی پالیسی میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کردیا

ریاض: سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے عمرہ ویزا سے متعلق نئے ضوابط کا اعلان کر دیا ہے۔

جن کے مطابق اب اگر کوئی زائر ویزا جاری ہونے کے 30 دن کے اندر سعودی عرب میں داخل نہیں ہوتا تو اس کا ویزا خود بخود منسوخ ہو جائے گا۔ یہ نیا قانون اگلے ہفتے سے نافذ العمل ہوگا۔

عرب نیوز چینل العربیہ کے مطابق وزارت نے عمرہ ویزا کی ابتدائی مدت یعنی داخلے سے قبل استعمال کیے جانے والے وقت کو تین ماہ سے کم کر کے ایک ماہ کر دیا ہے۔

تاہم سعودی عرب میں داخلے کے بعد زائرین کو قیام کے لیے پہلے کی طرح تین ماہ کا وقت ہی ملے گا۔

وزارتِ حج و عمرہ کے قریبی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ بڑھتی ہوئی عمرہ زائرین کی تعداد کو منظم کرنے اور انتظامی امور میں بہتری لانے کے لیے کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گرمیوں کے اختتام اور موسمِ سرما کے آغاز کے ساتھ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں زائرین کی آمد میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

نیشنل کمیٹی برائے عمرہ و زیارت کے مشیر احمد بجعفر نے العربیہ سے گفتگو میں کہا کہ وزارت کا یہ اقدام زائرین کے بہاؤ کو بہتر انداز میں منظم کرنے اور سہولتوں کی فراہمی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اڈیالہ جیل ملاقاتوں کی فہرست پر وضاحت، بیرسٹر علی ظفر کا مؤقف سامنے آگیا

ان کے مطابق نئے نظام سے حکام کو زائرین کی آمد و رفت پر بہتر نگرانی حاصل ہوگی۔

اعداد و شمار کے مطابق رواں عمرہ سیزن کے آغاز (جون کے اوائل) سے اب تک دنیا بھر سے 40 لاکھ سے زائد زائرین کو عمرہ ویزے جاری کیے جا چکے ہیں، جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں ریکارڈ اضافہ ہے۔

بڑھتی ہوئی زائرین کی تعداد کے پیشِ نظر سعودی حکومت نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں انتظامی عملے اور سہولیات میں اضافہ کر دیا ہے تاکہ عبادت گزاروں کو زیادہ سے زیادہ آسانیاں فراہم کی جا سکیں۔

Scroll to Top