پاکستان میں قائم روسی سفارتخانے نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی صدر ولادیمیر پوتن کی مبینہ دھمکی آمیز ویڈیو کو مکمل طور پر جعلی قرار دے دیا ہے۔
جمعرات کو ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو حقیقت سے مطابقت نہیں رکھتی۔
بیان میں مزید واضح کیا گیا کہ یہ ویڈیو 23 اکتوبر 2025 کو رشین جیوگرافیکل سوسائٹی بورڈ آف ٹرسٹیز کی میٹنگ کے بعد صدر پوتن کی میڈیا سے گفتگو کا حصہ تھی، لیکن اس میں نہ پاکستان کا ذکر تھا اور نہ ہی افغانستان کا۔
روسی سفارتخانے کے مطابق ویڈیو کو ایڈیٹ کرکے صدر کی گفتگو کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، جس میں ایک خاتون کی آواز میں ترجمہ اور اردو سب ٹائٹلز شامل کر کے جھوٹا تاثر دیا گیا کہ پوتن نے پاکستان کو افغانستان کے معاملے پر دھمکی دی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ماسکو پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیاسی اور سفارتی حل کی حمایت کرتا ہے اور دونوں ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات برقرار رکھنا چاہتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ویمنز ورلڈ کپ: بھارت نے آسٹریلیا کو شکست دیکر فائنل میں جگہ بنالی
روس انسدادِ دہشت گردی اور علاقائی سلامتی کے معاملات میں تعمیری مکالمے کی بحالی کا حامی ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ صدر پوتن نے پاکستان کو افغانستان کی صورتحال پر سخت تنبیہ کی ہے۔





