لاہور: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا میچ آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
مہمان ٹیم جنوبی افریقہ کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے، کیونکہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں انہوں نے پاکستان کو 55 رنز سے شکست دی تھی۔
قومی ٹیم کے کھلاڑی سیریز برابر کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلے گئے 25 ٹی ٹوئنٹی میچز میں جنوبی افریقہ نے 13 جبکہ پاکستان نے 12 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔
جس سے آج کے میچ کے لیے شائقین میں جوش و خروش بڑھ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جنوبی افریقا نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کوشکست دیدی
جنوبی افریقہ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 55 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم 195 رنز کے تعاقب میں 18.1 اوورز میں 139 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب 37 اور بابر اعظم 36 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کپتان سلمان علی آغا صرف 2 رنز بنا سکے، عثمان خان 12 اور حسن علی 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقہ کے بولرز نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ کوربن بوش نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، جارج لندے نے 3 جبکہ لیزاد ولیمز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل مہمان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے تھے۔ ریزا ہینڈرکس 60، جارج 36 اور ٹونی ڈی زورزی 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کوئنٹن ڈی کاک 23 رنز بنا کر صائم ایوب کا شکار بنے۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 3، صائم ایوب نے 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس فتح کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے پنڈی میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا مجموعہ بنانے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ نے اپریل 2023 میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے تھے۔
دونوں ٹیمیں اس سے قبل 24 بار ایک دوسرے کے مدمقابل آ چکی ہیں اور دونوں ٹیمیں 12، 12 میچز جیتی ہیں۔ یعنی سابقہ نتائج کے مطابق اس فارمیٹ میں کوئی ٹیم کسی پر بھاری نہیں ہے۔
پروٹیز 2021 کے بعد پاکستان میں ٹی 20 سیریز کھیل رہی ہے۔ دونوں ٹیموں نے سیریز کے لیے بھرپور پریکٹس کی ہے۔
پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم اس سیریز کے ذریعہ 10 ماہ بعد ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں واپسی کر رہے ہیں۔ ایک اہم ریکارڈ سابق کپتان اور پاکستان کا منتظر ہے۔ وہ صرف 9 رنز بنا کر ٹی 20 کرکٹ میں آل ٹائم نمبر ون بیٹر بن جائیں گے۔





