بحرین کے شہر ساما بے میں جاری تیسرے ایشیائی یوتھ گیمز میں پاکستانی پہلوان حسن علی نے ملک کے لیے تیسرا تمغہ حاصل کر لیا۔
حسن علی نے 70 کلوگرام بیچ ریسلنگ مقابلے میں تاجکستان کے ادریس بخرموف کو 0-2 سے شکست دے کر برانز میڈل اپنے نام کیا۔
سابق کامن ویلتھ گیمز چیمپئن محمد انعام بٹ کی تربیت حاصل کرنے والے حسن علی نے سیمی فائنل میں ایران کے سینا شکوہی سے شکست کھائی تھی۔
تاہم برانز میڈل کے لیے انہوں نے اردن کے مرافی عبدالرحمن اور تاجکستان کے ایک اور پہلوان بازارزادہ کو شکست دی۔
اسی ایونٹ میں پاکستان کے عبدالرحمٰن بھی 65 کلوگرام برانز میڈل میچ میں اردن کے زید نغوج کے ہاتھوں 0-2 سے ہار گئے اور تمغہ حاصل کرنے سے محروم رہے۔
یہ بھی پڑھیں : ٹی ٹوئنٹی سیریز: پاکستان اور جنوبی افریقہ آج مدمقابل ہونگے
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) نے کھلاڑیوں ان کے معاون عملے اور متعلقہ قومی کھیلوں کی فیڈریشنز کو ان شاندار کامیابیوں پر مبارکباد پیش کی اور مزید کامیابیوں کی دعا کی۔
اس سے قبل پاکستان نے والی بال ایونٹ میں چاندی کا تمغہ جیتا جبکہ کبڈی ٹیم نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا، جس سے ملک کی مجموعی کارکردگی پر مزید روشنی پڑتی ہے۔





