سلمان یوسفزئی
پشاور۔ خیبرپختونخوا کے قدرتی حسن اور دلکش مناظر ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے توجہ کا مرکز بن گئے۔
گزشتہ سال سیاحتی سیزن کے دوران 2 کروڑ 61 لاکھ سے زائد مقامی جبکہ 7,664 غیرملکی سیاحوں نے خیبرپختونخوا کے مختلف سیاحتی مقامات کا رخ کیا۔
محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2024 میں یکم جنوری سے 31 دسمبر تک 2 کروڑ 61 لاکھ 8 ہزار 162 سیاح خیبرپختونخوا کے جنت نظیر علاقوں کی سیر کو پہنچے۔
خیبرپختونخوا کے بالائی علاقے گلیات میں سب سے زیادہ 94 لاکھ 34 ہزار، ہزارہ، ناران اور کاغان میں 45 لاکھ 96 ہزار، مالم جبہ میں 35 لاکھ 11 ہزار، اپر دیر میں 20 لاکھ 85 ہزار، چترال میں 3 لاکھ 58 ہزار 900، کالام میں 3 لاکھ 11 ہزار 500، اور بحرین میں 3 لاکھ 11 ہزار 800 سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ترکیہ میں 2024 سیاحت کیلئے کامیاب ترین سال، آمدن کیا رہی؟
رواں سال کے ابتدائی ڈیڑھ ماہ میں بھی سیاحت کا رجحان برقرار ہے۔ یکم جنوری سے 11 فروری تک 6 لاکھ 71 ہزار مقامی اور 850 غیرملکی سیاح خیبرپختونخوا کے حسین مناظر سے لطف اندوز ہونے پہنچے۔
سیاحت کے فروغ سے نہ صرف خیبرپختونخوا کے مقامی افراد کو روزگار کے مواقع میسر آ رہے ہیں بلکہ صوبے کی معیشت اور ریونیو میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ سیاحتی سہولیات میں مزید بہتری لا کر عالمی سطح پر مزید سیاحوں کو راغب کیا جا سکتا ہے، جس سے صوبے میں سیاحت کا شعبہ مزید ترقی کرے گا۔