شاکر خان
شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے باپ دوبیٹوں سمیت جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق علاقہ منظر خیل کے گاؤں توت نارائی یہ واقعہ پیش آیا ہے جہاں نامعلوم مسلح افراد نے ایوب نواز اور ان کے دو بیٹوں سخی زمان اور ولی رحمن کو اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغا ز کردیا ہےتاہم تاحال حملہ آوروں کی شناخت یا گرفتاری نہیں ہوسکی ۔
علاقائی مشران اور علاقہ مکینوں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور علاقے میں امن و امان کی بحالی یقینی بنائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں : شمالی وزیرستان، میر علی میں گاڑی پر فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق
شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔
واقعہ ایپی گاؤں میں اس وقت پیش آیا جب ایک گاڑی پر اچانک مسلح حملہ آوروں نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ اتنی شدید تھی کہ گاڑی میں آگ لگ گئی جس سے گاڑی مکمل طور پر جل گئی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کے مطابق واقعے کے فوراً بعد ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے،جبکہ جاں بحق افراد کی لاشوں کو شناخت کے لیے میر علی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، تاہم اب تک واقعے کی اصل وجہ یا فریقین کے درمیان ممکنہ دشمنی کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔





