پشاور: خیبر پختونخوا میں سیاحت کو عالمی معیار تک پہنچانے کے لیے گرین ٹورازم پرائیویٹ لمیٹڈ اور محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا پر مشتمل مشترکہ منیجمنٹ بورڈ کا ایک اہم اجلاس پشاور میں منعقد ہوا۔
اجلاس کی صدارت سیکرٹری ثقافت، سیاحت، آثارِ قدیمہ و عجائب گھر ڈاکٹر عبدالصمد نے کی۔
اجلاس میں صوبے میں سیاحت کے فروغ،سرمایہ کاری کے نئے مواقع، اور بین الاقوامی معیار کی سہولیات کی فراہمی کے لیے متعدد فیصلے کیے گئے۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کے وژن کے مطابق صوبے کو ایک عالمی سیاحتی مرکز کے طور پر ابھارنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ایسا مرکز جہاں فطرت، ثقافت اور ترقی ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہوں۔
بورڈ نے 45 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر کو آئندہ سیاحتی منصوبے میں شامل کرنے کی منظوری دی، جسے جلد سعودی سرمایہ کاری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
اجلاس میں ضلع صوابی میں ہنڈ تھیم پارک اور صوبے بھر میں انٹرنیشنل ٹورازم زونز کے قیام کے لیے مالیاتی اشتراک کو مزید مستحکم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اسی طرح گنول انٹرنیشنل ٹورازم زون (مانسہرہ) کے لیے عالمی سرمایہ کاروں کے ساتھ شراکت داری کے فروغ پر مشاورت ہوئی۔
ماحولیاتی توازن کے فروغ کے لیے محکمہ جنگلات نے گرین ٹورازم پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ ریونیو شیئرنگ ماڈل کے تحت زمین فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی، تاکہ وہاں جدید گلیمپنگ سائٹس قائم کی جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں : بانی پی ٹی آئی جیل میں، قیادت اپنی سیاست چمکا رہی ہے، عمران اسماعیل کی تنقید
بورڈ نے مالیاتی جائزے کے بعد دس فیصد رعایتی شق ختم کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ گرین ٹورازم کمپنی کو اپنی مالیاتی تجاویز بورڈ کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں این او سی کے حصول کے عمل کو آسان بنانے، ہوٹل انڈسٹری میں تربیت کے مواقع بڑھانے اور پیتھوم (PITHOM)کو ادارہ جاتی سطح پر مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
منکیال آراضی کی تبدیلی کا مسئلہ صوبائی حکومت کے ساتھ براہ راست اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ منصوبے میں تاخیر نہ ہو۔
ڈاکٹر عبدالصمد نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیاحت کی ترقی محض معاشی سرگرمی نہیں بلکہ ایک ثقافتی مشن ہے ایک ایسا سفر جو لوگوں کو اس سرزمین کی تہذیب، تاریخ اور قدرتی حسن سے جوڑتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیف سیکرٹری کی قیادت میں خیبر پختونخوا سیاحت کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، جہاں ہر مقام اپنی کہانی سناتا ہے اور ہر مسافر امن، ثقافت اور مہمان نوازی کی خوشبو اپنے ساتھ لے جاتا ہے۔
اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ صوبہ پائیدار سیاحت، نجی شعبے کے ساتھ مضبوط شراکت داری، اور جدید ماڈلز کے ذریعے عالمی سیاحتی نقشے پر نمایاں مقام حاصل کرے گا۔





