امن و استحکام سب سے مقدم، خیبر پختونخوا کی عوام نے ہمیشہ وطن کا ساتھ دیا،امیر مقام

پشاور : وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ملک کا امن و امان سب سے مقدم ہے، اس کے قیام کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

پشاور میں منعقدہ پشتون و مستحکم پاکستان گرینڈ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے ملک کی ترقی اور استحکام میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے، مگر چند عناصر ایسے ہیں جنہیں پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے رہے، اور اسی اتحاد کی بدولت پاکستان نے اس جنگ میں تاریخی کامیابی حاصل کی۔

وفاقی وزیر نے زور دیا کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود اور قیامِ امن کے لیے خصوصی اقدامات کرے کیونکہ پاکستان اب مزید انتشار اور فساد کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

امیر مقام نے کہا کہ پشتون قوم ہمیشہ قومی پرچم کی حرمت کے محافظ رہی ہے۔ پاکستان کے قیام سے آج تک پشتونوں نے وطن کے دفاع اور تعمیر میں نمایاں خدمات انجام دیں، جنہیں ملکی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : یومِ آزادی گلگت بلتستان پر آئی ایس پی آر کا نیا نغمہ جاری: پاکستان کی شان، گلگت بلتستان

انہوں نے مزید کہا کہ ریفرنڈم کے وقت پختون قوم نے پاکستان کا ساتھ دے کر وفاداری کی لازوال مثال قائم کی، جب کہ کشمیر کی ابتدائی جنگ میں پشتون قبائل نے پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑتے ہوئے کئی علاقوں کو آزاد کرایا۔

وفاقی وزیر نے افسوس کا اظہار کیا کہ کچھ مخصوص عناصر نے ذاتی مفاد کے لیے پشتونوں کو استعمال کرنا شروع کر دیا ہے، تاہم پختون آج بھی پاکستان کی بقا اور ترقی کی فرنٹ لائن فورس ہیں۔

آخر میں امیر مقام نے کہا کہ اگر مئی کے مہینے میں ہونے والی مختصر جنگ میں افواجِ پاکستان مضبوطی سے ڈٹی نہ ہوتی تو پاکستان کا وجود خطرے میں پڑ سکتا تھا۔

Scroll to Top