بیجنگ : چین نے اپنا نیا انسانی خلائی مشن شین ژو 21 کامیابی کے ساتھ خلا کی جانب روانہ کردیا۔
چینی میڈیا کے مطابق یہ مشن ملک کے مستقل خلائی مرکز تیانگونگ اسپیس اسٹیشن کے لیے روانہ کیا گیا ہے، جہاں تین رکنی چینی خلابازوں کی ٹیم چھ ماہ تک سائنسی تجربات اور مختلف تحقیقی سرگرمیوں میں مصروف رہے گی۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ اس مشن میں چین کے خلائی پروگرام کی تاریخ کے سب سے کم عمر خلاباز بھی شامل ہیں، جو پہلی مرتبہ خلا میں جا رہے ہیں۔
مشن کو شمال مغربی چین کے جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے کامیابی کے ساتھ لانچ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : امن و استحکام سب سے مقدم، خیبر پختونخوا کی عوام نے ہمیشہ وطن کا ساتھ دیا،امیر مقام
یہ لانچ 2022 میں مکمل ہونے والے تیانگونگ اسپیس اسٹیشن سے منسلک ساتواں انسانی خلائی مشن ہے۔
چینی حکام کے مطابق شین ژو 21 مشن ملک کے بڑھتے ہوئے خلائی پروگرام کی سمت میں ایک اور اہم سنگِ میل ہے، جو مستقبل میں چینی خلائی تحقیق اور بین الاقوامی تعاون کے نئے دروازے کھولے گا۔





